ذہنی صحت توجہ چاہتی ہے
پاکستان میں ہر پانچ میں سے ایک فرد مختلف اقسام کے ذہنی مسائل کا شکار ہے
بعض افراد مختلف مسائل اور پریشانیوں کے ہاتھوں اس قدر مایوسی اور نااُمیدی کا شکار ہو جاتے ہیں کہ ان کی سمجھ میں نہیں آتا، زندگی کی ڈور تھامے رکھیں یا موت کو گلے لگا لیں۔اسی زندگی اور موت کی کشمکش میں کبھی کوئی باپ، تو کبھی کوئی ماں حالات سے تنگ آ کر اپنے لختِ جگروں کو بے رحمی سے موت کے حوالے کر کے خود بھی ابدی نیند سو جاتے ہیں۔ذہنی امراض کے ماہرین کے مطابق یہ نوبت تب آتی ہے، جب ذہنی صحت متاثر ہو اور یہ عمل ایک لمحے کا حادثہ نہیں، بلکہ آہستہ آہستہ ذہنی صحت متاثر ہونے کا نتیجہ ہے۔
“ اس کا مطلب ہے کہ اچھی مطمئن زندگی گزارنے کے لئے صرف جسمانی صحت ہی نہیں، ذہنی صحت کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔
ذہنی صحت ہماری زندگی کے ہر پہلو کا احاطہ کرتی ہے، لہٰذا آج ہی سے اپنے معمولاتِ زندگی قناعت کے ساتھ خوش اسلوبی سے انجام دینا شروع کر دیں۔مذہبی فرائض عقیدت سے انجام دیں، مثبت سوچیں اور ایک دوسرے کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔
ایسی مثبت جسمانی سرگرمیاں اختیار کریں، جو جسم اور ذہن دونوں کو متحرک رکھ سکیں۔مانا کہ موجودہ دور سوشل میڈیا کا ہے، لیکن اس سے کہیں زیادہ ضروری اپنی سماجی زندگی پر توجہ دینا ہے، کیونکہ موبائل فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور دیگر گیجٹس کے زیادہ استعمال نے خاص طور پر ہمارے بچوں، نوجوانوں کو کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں سے دور کر دیا ہے۔